ایچ ای سی ریسرچ ایوارڈز 2026-27 کا اعلان، بہترین پبلیکیشن پر 10 لاکھ روپے انعام
ایچ ای سی کے مطابق ریسرچ ایوارڈز کا مقصد فکری، علمی اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے محققین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ریسرچ ایوارڈز کو تین بنیادی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں بہترین ریسرچر، بہترین ینگ ریسرچر اور بہترین پبلیکیشن شامل ہیں۔ کامیاب امیدواروں کو سرٹیفکیٹس کے ساتھ نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔
ایچ ای سی کے مطابق بہترین پبلیکیشن ایوارڈ کے تحت 10 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، جبکہ بہترین ریسرچر اور 40 سال سے کم عمر بہترین ینگ ریسرچر کے لیے 5،5 لاکھ روپے کی انعامی رقم مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی بچت اسکیموں سے منسلک سرمایہ کاروں کیلئے خوشخبری
ایوارڈز تین بڑے شعبہ جاتی گروپس میں دیے جائیں گے۔ پہلے گروپ میں سماجی علوم، آرٹس و ہیومینٹیز، قانون، تعلیم، مینجمنٹ اور پبلک پالیسی شامل ہیں۔
دوسرے گروپ میں فزیکل سائنسز، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، شماریات اور ریاضی جبکہ تیسرے گروپ میں لائف سائنسز، بائیولوجیکل سائنسز، ہیلتھ سائنسز، فارمیسی، زراعت اور ویٹرنری سائنسز شامل ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق خواہشمند پاکستانی محققین اپنی درخواستیں 31 اکتوبر 2026 تک آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کراسکتے ہیں۔
موصول ہونے والی درخواستوں کی پہلے انتظامی اسکریننگ کی جائے گی، جس کے بعد متعلقہ شعبوں کے ماہرین اور ریویو پینلز اہل درخواستوں کا حتمی جائزہ لیں گے۔