آج بارش کہاں کہاں ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیشگوئی کے مطابق کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں آج بیشتر مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور اور اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں آج دن کے بیشتر اوقات مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی، جس کے باعث ان علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور میں صبح سویرے ہوائیں چلنے سے موسم قدرے بہتر ہوگیا، شہر میں ہوا کی رفتار تقریباً 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 جبکہ کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ بارش کا امکان نہیں۔
لاہور میں فضائی آلودگی بھی شہریوں کیلئے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 187 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اقبال ٹاؤن میں 193، پیراگون سٹی کے اطراف میں 186 اور برکی روڈ پر 185 ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جو دن کے دوران 33 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آج سے 30 ستمبر تک شدید بارشیں، الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہوائیں تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی توقع ہے جبکہ نمی کا تناسب 62 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔