بالاکوٹ میں کار کھائی میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان سیر و تفریح کے لیے مانسہرہ سے بالاکوٹ جا رہا تھا کہ راستے میں ڈمگلہ کے مقام پر تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
اس حادثے میں سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد محمد پرویز کے بیٹے، بہو، پوتے اور نواسی جاں بحق ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ محسن نقوی کے ماموں انتقال کرگئے، مقامی قبرستان میں سپرد خاک
پولیس کے مطابق حادثے میں شوہر، اہلیہ اور ان کا کمسن بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کی جانے والی نواسی بھی جانبر نہ ہو سکی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کردی، ریسکیو اہلکاروں نے کھائی سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔
بعد ازاں شدید زخمیوں کو مزید علاج کیلئے کنگ عبداللہ ٹیچنگ اسپتال مانسہرہ منتقل کردیا گیا جہاں انکی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔