حکومت کا گرین ٹریکٹر اسکیم میں لاکھوں روپے کی سبسڈی کا اعلان
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "گرین ٹریکٹر اسکیم” کے چوتھے فیز کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے باقاعدہ شروعات کر دی، جبکہ اس کے ساتھ ہی اسکیم کے پانچویں فیز کے لیے آن لائن پورٹل کا افتتاح بھی کر دیا گیا ہے۔
رواں مالی سال کے دوران پنجاب حکومت کسانوں کو مجموعی طور پر 19 ہزار 500 ٹریکٹرز فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی موجودگی میں کی گئی ڈیجیٹل قرعہ اندازی میں اٹک سے تعلق رکھنے والے مسعود خان ولد لعل خان کا پہلا ٹریکٹر نکل آیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور پنجاب میں رینجرز تعیناتی کی منظوری
اس فیز کے تحت 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے، جن پر حکومت فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی دے گی۔
پانچویں فیز کے تحت 75 سے 125 ہارس پاور کے 9 ہزار 500 ٹریکٹرز دیے جائیں گے، جن پر فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
پنجاب حکومت نے اس اسکیم کے لیے 17.6 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے، پروگرام کے تحت اب تک 24 ہزار ٹریکٹرز کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اسکیم کے لیے کل 2 لاکھ 13 ہزار 637 کسانوں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں، جن میں سے نادرا اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے ذریعے تصدیق کے بعد 1 لاکھ 28 ہزار 757 کسانوں کو قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار دیا گیا۔