احتجاج اور دھرنے، اسلام آباد کے 24 تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان 24 تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے دیگر شہروں سے آنے والے پولیس اہلکاروں کی رہائش کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس کے باعث ان اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ تاہم اسلام آباد کے دیگر تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
بند کیے جانے والے اداروں میں جی-6، ایف-6، ایف-7، جی-7، جی-8، جی-9، جی-10، جی-13 اور آئی-9، آئی-10 کے مختلف اسکول اور کالجز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ترنول، سنجانی، سہالہ، بری امام، ملپور، ایچ-9 اور راول ڈیم کے بعض تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنماؤں کا کے پی کے میں پناہ لینے کا امکان
اسکولوں اور کالجز میں پولیس اہلکاروں کی رہائش کے انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پرنسپلز اور غیر تدریسی عملہ معمول کے مطابق ڈیوٹی پر حاضر ہوگا، تاہم طلبہ اور اساتذہ کیمپس نہیں آئیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے سیاسی احتجاج اور مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے ہیں۔ مختلف اہم شاہراہوں پر کنٹینرز اور رکاوٹیں نصب کی جا رہی ہیں، جبکہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے اضافی پولیس نفری بھی تعینات کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ جماعت اسلامی اور کسان اتحاد کی جانب سے بھی دارالحکومت میں احتجاجی سرگرمیوں کے اعلانات کیے گئے ہیں۔