پنجاب ای بائیک اسکیم کیلئے اپلائی کا طریقہ جانیے
پنجاب حکومت کی اس اسکیم سے صوبے بھر کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اسکیم کے لیے امیدوار کی عمر کم از کم 16 سال ہونا ضروری ہے، جبکہ درخواست دینے والے طالب علم کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس اسکیم میں والدین یا قانونی سرپرست بطور ضامن شامل ہوسکتے ہیں، درخواست میں فراہم کیا جانے والا موبائل نمبر بھی ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہوگا۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ
طلبہ وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیک اسکیم 2026 کیلئے 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں، درخواستیں سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
الیکٹرک بائیک میں کیا خصوصیات ہوں گی؟
اسکیم کے تحت اہل طلبہ کو 72 وولٹ اور 30 ایمپیئر آور بیٹری سے لیس الیکٹرک بائیک فراہم کی جائے گی۔ بائیک میں 1000 واٹ کی موٹر نصب ہوگی جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریباً 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔
مفت اسکوٹی ٹریننگ
اسکیم کی ایک اہم سہولت طلبہ و طالبات کیلئے مفت اسکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ ہے۔ لاہور میں اس مقصد کیلئے پانچ تربیتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ابشر ڈرائیونگ اسکول، لبرٹی خدمت مرکز، گریٹر اقبال پارک، ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروز پور روڈ شامل ہیں۔
ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبہ کو شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا۔
لائسنس کی سہولت
طلبہ کی سہولت کیلئے لاہور ٹریفک پولیس نے ان ٹریننگ مراکز میں اسکوٹی لائسنس کے اجرا کیلئے خصوصی کاؤنٹرز بھی مختص کیے ہیں، جہاں تربیت کے ساتھ لائسنس کے حصول میں بھی آسانی ہوگی۔
اس کے علاوہ پروگرام میں شامل اہل طلبہ کو مفت ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا، تاکہ انہیں محفوظ سفر کی سہولت میسر آسکے۔
طلبہ اسکیم سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے اور آن لائن درخواست جمع کرانے کیلئے سرکاری پورٹل bikes.punjab.gov.pk استعمال کر سکتے ہیں۔