حماد اظہر کی گرفتاری کا معاملہ، والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
حماد اظہر کی والدہ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حماد اظہر کو دو روز قبل ملتان سے حراست میں لیا گیا، تاہم اس کے باوجود انہیں تاحال عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ حماد اظہر کی گرفتاری کو ظاہر کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور ان کے خلاف درج مقدمات اور دیگر قانونی کارروائی کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ اگر حماد اظہر کسی مقدمے میں گرفتار ہیں تو انہیں قانون کے مطابق عدالت کے روبرو پیش کیا جائے، تاکہ ان کے خلاف عائد الزامات اور قانونی حیثیت واضح ہوسکے۔
حماد اظہر کی والدہ نے عدالت سے ان کی فوری بازیابی اور قانونی تحفظ فراہم کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔
درخواست سامنے آنے کے بعد حماد اظہر کی مبینہ گرفتاری کا معاملہ ایک بار پھر سیاسی اور قانونی حلقوں میں زیر بحث آگیا ہے۔ اب لاہور ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت کے دوران متعلقہ حکام سے حماد اظہر کی گرفتاری، مقدمات اور موجودہ صورتحال سے متعلق جواب طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:قاتلانہ حملے میں بی اے پی رہنما عبدالرحمان لانگو جاں بحق
واضح رہے کہ حماد اظہر پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے خلاف مختلف مقدمات کے حوالے سے قانونی کارروائیاں پہلے بھی سامنے آتی رہی ہیں۔