پاکستان کی طرف سے نیپال کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی کھیپ روانہ
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیپال کے لیے امدادی سامان کی روانگی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر سمیت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مختلف فلاحی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی کھیپ میں خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ضروری ادویات شامل ہیں، جنہیں نیپال کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روانہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال اور اس کے سیلاب متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے نیپالی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت سے متاثرہ نیپالی عوام کو اس وقت فوری امداد اور تعاون کی ضرورت ہے اور پاکستان اپنی استطاعت کے مطابق ان کی مدد جاری رکھے گا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے امدادی سامان کی بروقت روانگی کے لیے متعلقہ اداروں کی مربوط کوششوں کو سراہا، این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی کا مقصد متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کی کمی کو پورا کرنے میں نیپالی حکام کی معاونت کرنا ہے۔