اندرون ملک ٹرین سروس 2 روز کیلئے معطل
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کی روانگی ریلوے ٹریک کی مرمت کے باعث منسوخ کی گئی ہے۔ ٹرین 5 اور 6 ستمبر کو کوئٹہ سے پشاور کیلئے روانہ نہیں ہوگی، جس کے باعث بلوچستان سے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آج پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی جیکب آباد تک محدود کردیا گیا ہے۔ ٹرین کے سفر کو محدود کیے جانے سے کوئٹہ جانے والے مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے کیلئے متبادل سفری ذرائع اختیار کرنا پڑیں گے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی ضروری مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرین سروس معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔ تاہم دو روزہ معطلی کے باعث مسافروں کو سفری منصوبہ بندی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان سے دیگر اہم ٹرین سروسز کی طویل عرصے سے بندش بھی مسافروں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ کوئٹہ سے کراچی کے درمیان چلنے والی بولان میل جبکہ کوئٹہ سے چمن کے لیے چمن پسینجر ٹرین گزشتہ کئی ماہ سے بند ہیں۔
مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان سے ملک کے دیگر حصوں کے لیے ٹرین سروسز کی بحالی اور ریلوے نظام میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں محفوظ، سستا اور آسان سفری ذریعہ دستیاب ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر کے امتحانی نظام میں بڑی تبدیلی، رٹہ سسٹم ختم
ریلوے ٹریک کی مرمت کے باعث جعفر ایکسپریس کی دو روزہ معطلی نے ایک بار پھر بلوچستان کے ریلوے نظام اور مسافروں کو درپیش سفری مشکلات کو نمایاں کردیا ہے۔