حج، عمرہ اور بیرون ملک سفر کیلئے ویکسینیشن کا نیا نظام متعارف
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کراچی ایئرپورٹ پر فیڈرل گورنمنٹ ڈسپنسری کا دورہ کیا اور ملک کے پہلے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ماضی میں 4 سے 5 ہزار روپے میں جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بنائے جاتے تھے تاہم نئے نظام کے ذریعے اس عمل کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ اور نادرا کا مشترکہ کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔ فلو، گردن توڑ بخار اور پولیو کی ویکسین لگوانے کے بعد نادرا سے منسلک نظام کے ذریعے ایک ہی ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق تمام ویکسینیشن فیس آن لائن وصول کی جائے گی تاکہ بدعنوانی کی روک تھام ہوسکے جبکہ ایئرپورٹ پر کسی افسر کا بلا جواز مسافروں کو روکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہر ہفتے کے روزکھولنے کا اعلان
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سہولت جلد ملک کے تمام بین الاقوامی ایئر پورٹس تک پہنچائی جائے گی، سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے سفر اور حج و عمرہ کے لیے گردن توڑ بخار سمیت بعض ضروری ویکسینز لازمی ہیں تاکہ طبی وجوہات کی بنیاد پر مسافروں کی واپسی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صحت کے نظام میں بھی بڑی تبدیلی لانے پر کام جاری ہے، نادرا کے تعاون سے جلد ہر پاکستانی کے قومی شناسی کارڈ نمبر کو میڈیکل کارڈ نمبر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
مصطفی کمال کے مطابق پاکستان ہر سال تقریبا 1.2 ملین ڈالر کی ویکسین درامد کرتا ہے تاہم اس سال 13 بنیادی ویکسینز میں سے دو کی مقامی تیاری کے لیے معاہدہ طے پانے کی امید ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کے نظام میں بہتری اور بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔