سانحہ پمز: حکومت کا لواحقین کیلئے فی کس 50 لاکھ روپے امداد کا اعلان
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے سانحہ پمز پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے، حکومت کی جانب سے غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ سانحے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے جاں بحق بچوں کے ہر خاندان کیلئے 50 لاکھ روپے مالی معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے واضح کیا گیا کہ مالی معاوضہ کسی بھی صورت انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہوسکتا، تاہم اس کا مقصد غمزدہ خاندانوں کو درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری بیان میں متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ انہیں مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
سانحہ پمز کے بعد واقعے کے مختلف پہلوؤں پر سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں، ذمہ داری کے تعین اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کا 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
حکومت کی جانب سے مالی معاوضے کے اعلان کو متاثرہ خاندانوں کیلئے فوری مالی معاونت کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔ تاہم جاں بحق بچوں کے اہل خانہ کیلئے اپنے پیاروں کا نقصان ایک ناقابل تلافی صدمہ ہے، جس کا ازالہ کسی بھی مالی رقم سے ممکن نہیں۔