سانحہ پمز: پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم
جاری مراسلے میں وزیراعلی نے واضح کیا کہ اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ہدایت کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع کے ٹیچنگ اسپتالوں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتالوں سمیت مریم نواز اسپتالوں اور ہیلتھ کلینکس میں آگ بجھانے کے آلات اور دیگر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
معائنے کے دوران فائر ایکسٹنگوشرز کی دستیابی اور کارکردگی کے ساتھ ہنگامی اخراج کے راستوں کو بھی چیک کیا جائے گا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں سے مشاورت کرکے ایمرجنسی کی صورت میں فوری کارروائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پمز ہسپتال واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار
حکام کے مطابق تمام اضلاع سے موصول ہونے والی معلومات پر مشتمل جامع رپورٹ 27 اگست تک وزیراعلی کو پیش کی جائے گی جبکہ ڈویژنل کمشنرز ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کریں گے۔
مریم نواز نے اسپتال انتظامیہ کو فائر سیفٹی آڈٹ فوری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں خصوصاً نومولود بچوں اور دیگر حساس مریضوں کی حفاظت میں غفلت یا لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔