پاکستان ریلوے کا 2 بند ٹرینیں دوبارہ چلانے کا اعلان
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بابو مسافر ٹرین اور ساندل ایکسپریس کو دوبارہ چلانے کی منظوری دے دی، جس سے مسافروں کو سفری سہولت میں بہتری کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
ریلوے ترجمان کے مطابق بابو مسافر ٹرین کو لاہور سے لالہ موسیٰ کے درمیان 20 اگست سے بحال کر دیا جائے گا، جبکہ ساندل ایکسپریس جو ملتان سے براستہ جھنگ اور سرگودھا تک سفر کرتی ہے، 21 اگست سے دوبارہ آپریشن کا آغاز کرے گی۔
حکام کے مطابق دونوں ٹرینیں کورونا وائرس کی وبا کے دوران بند کی گئی تھیں، تاہم مسافروں کی جانب سے مسلسل مطالبے اور ریلوے کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان ریلوے کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال مزید بند ٹرینیں بحال کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان سفری رابطوں کو مضبوط بنایا جا سکے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق مسافروں کی سہولت، آرام دہ سفر اور ریلوے سروسز کے معیار میں اضافہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:معروف پروڈیوسر اور شاعر محمد سلیم طاہر انتقال کر گئے
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹرینوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ آپریشنل معاملات اور مسافروں کی ضروریات کو بھی ترجیح دی جائے۔
ریلوے انتظامیہ کے اس فیصلے کو مسافروں کیلئے ایک مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ بند ٹرینوں کی بحالی سے نہ صرف سفری آسانیاں پیدا ہوں گی بلکہ مختلف شہروں کے درمیان آمدورفت میں بھی بہتری آئے گی۔