تربت سے اغوا کیے گئے 6 مزدوروں کی لاشیں برآمد
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد سے اغوا کیے گئے 6 غیر مقامی مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئی، دہشت گردوں نے 27 جولائی کو کیچ ناصرآباد میں غیر مقامی مزدور جاوید کو شہید جبکہ 6 کو اغوا کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں 4 کا تعلق پنجاب اور 2 کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔
شناخت ہونے والے افراد میں لودھراں کے محمد ارشد، بہاولپور کے محمد تیمور، محمد وزیر اور محمد پرویز جبکہ خیبرپختونخوا کے اضلاع بونیر اور صوابی سے تعلق رکھنے والے محمد امجد اور محمد یحییٰ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
پولیس کا کہنا تھا کہ مزدور بلوچستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں بھی پانچ غیر مقامی مزدوروں کو بھی شہید کیا گیا تھا، یہ تمام مزدور بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر کے علاقے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے تھے۔
ماہرین کے مطابق دہشت گردوں نے مزدوروں کو بے رحمی سے نشانہ بنا کر نہ صرف معصوم جانیں چھین لیں بلکہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کے روزگار پر بھی حملہ کیا۔
واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد نہتے مزدوروں، عام شہریوں اور بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی بھرپورکارروائیوں سے پسپا ہوکراب معصوم نہتے شہریوں کونشانہ بنارہے ہیں۔