بادل کب تک برسیں گے؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں بھی چند مقامات پر بوندا باندی متوقع ہے۔
لاہور میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے، جس کے باعث موسم مزید خوشگوار محسوس ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، گزشتہ چار روز سے جاری بارشوں نے شہر کا موسم یکسر بدل دیا ہے اور درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں تقریباً 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے،جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:خام تیل کی قیمتیں 102 ڈالر سے تجاوز کر گئیں
دوسری جانب کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، شہر میں آج چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جنوب مغربی سمت سے تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔