قیدیوں کے اہلخانہ کیلئے موبائل ایپ متعارف
نئی ایپ کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے قیدیوں سے ملاقات کیلئے وقت مقرر کر سکیں گے، جس سے ملاقات کے موجودہ نظام کو مزید آسان، منظم اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق اس موبائل ایپ کا بنیادی مقصد جیلوں میں آنے والے شہریوں کو جدید اور مؤثر سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں ملاقات کیلئے طویل قطاروں میں انتظار نہ کرنا پڑے اور غیر ضروری رش سے بھی بچا جا سکے۔
اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ جیل انتظامیہ کیلئے بھی ملاقاتوں کا شیڈول بہتر انداز میں ترتیب دینا ممکن ہو سکے گا۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ایپ کے ذریعے اہلخانہ اپنی سہولت کے مطابق ملاقات کی تاریخ اور وقت منتخب کر سکیں گے، جس کے بعد مقررہ وقت پر جیل پہنچ کر باآسانی ملاقات کی جا سکے گی۔ اس سے جیلوں میں نظم و ضبط بہتر ہوگا اور انتظامی امور میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:آج بارش کہاں گی؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
حکومتِ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سرکاری سہولیات ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے فراہم کرنا اس کی ترجیحات میں شامل ہے، اسی وژن کے تحت مختلف سرکاری محکموں میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو تیز، شفاف اور معیاری خدمات میسر آ سکیں۔