کراچی ایئرپورٹ پر کسٹم کی کارروائی، مسافر سے غیر ملکی کرنسی برآمد
پاکستان کسٹم کے کراچی ایئرپورٹ کلیکٹوریٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 23 جون کی رات 8 بج کر 40 منٹ پر ایک مسافر فلائٹ نمبر EK-603 کے ذریعے دبئی سے ہوتے ہوئے شنگھائی، چین روانہ ہو رہا تھا۔
دورانِ اسکریننگ کسٹمز مشین آپریٹر نے مذکورہ مسافر کے ہینڈ بیگ میں مشتبہ کرنسی نوٹس کی موجودگی کی نشاندہی کی۔
کسٹم حکام کے مطابق مسافر کے سامان کی مشترکہ معائنہ کاؤنٹر پر جانچ کی گئی، مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران مختلف غیر ملکی کرنسی نوٹس، جو مختلف بنڈلز میں نہایت مہارت سے چھپائے گئے تھے برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق مسافر نے غلط معلومات فراہم کرتے ہوئے صرف 4 ہزار امریکی ڈالر ہمراہ رکھنے کا دعویٰ کیا لیکن مسافر کے سامان سے سفری حد سے زائد 20 ہزار امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔
کسٹمز عملے نے مسافر کے زیرِ استعمال اندرونی لباس سے بھی 2 ہزار امریکی ڈالر برآمد کیے۔
یہ بھی پڑھیں: کسٹم میں اکھاڑ پچھاڑ، گریڈ 19 اور 20 کے افسران کے تقرر و تبادلے
کسٹم حکام نے مزید بتایا کہ مسافر کے سامان سے 20 ہزار امریکی ڈالر، ایک ہزار 410 چینی یوآن اور ایک ہزار 770 اماراتی درہم بھی برآمد ہوئے۔
برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کو کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے مسافر کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔