پیپلز پارٹی کے بانی کارکن لال بخش منگی انتقال کر گئے
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی پارٹی کارکنان اور سیاسی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق لال بخش منگی کچھ عرصے سے علیل تھے اور علاج معالجہ جاری تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم کی نماز جنازہ آج شام 6 بجے ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ لال بخش منگی کا شمار پیپلز پارٹی کے ان ابتدائی کارکنان میں ہوتا تھا جنہوں نے پارٹی کے قیام کے ابتدائی دور میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوامی رابطے کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا، ان کی سیاسی وابستگی اور خدمات کو پارٹی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا۔
گزشتہ روز بھی پیپلز پارٹی کیلئے ایک بڑا صدمہ سامنے آیا تھا جب سندھ اسمبلی کے رکن نعیم احمد کھرل انتقال کر گئے تھے۔ اہلخانہ کے مطابق وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور تقریباً پانچ ماہ سے علیل تھے۔
یہ بھی پڑھیں:اداکارہ مومنہ اقبال نے سکالر ناصر مدنی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا
مسلسل دو دنوں میں دو اہم رہنماؤں اور کارکنان کے انتقال کے باعث پیپلز پارٹی کے کارکنان شدید رنج و غم میں مبتلا ہیں۔ پارٹی رہنماؤں نے دونوں شخصیات کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔