محرم کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے آغاز کا باضابطہ اعلان کرنا ہے، جس کا حتمی فیصلہ چاند کی رویت کی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ملک کے مختلف حصوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی کمیٹی یکم محرم الحرام کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔
محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین فلکیات کے مطابق چاند کی پیدائش کے امکانات اور اس کی رویت کے حوالے سے ابتدائی سائنسی تجزیہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ تاہم حتمی فیصلہ شرعی شہادتوں کی بنیاد پر ہی کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور،ملک بھر میں 25 اور 26 جون کو تعطیل کا امکان
دوسری جانب سعودی عرب میں بھی آج شام محرم الحرام کے چاند کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ وہاں بھی چاند نظر آنے یا نہ آنے کی صورت میں اسلامی سال 1448 ہجری کے آغاز کا اعلان کیا جائے گا۔ سعودی عرب میں یکم محرم الحرام کے موقع پر غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی خصوصی رسم ادا کی جاتی ہے، جو اسلامی دنیا میں ایک نہایت اہم اور روحانی حیثیت رکھتی ہے۔
تاریخی طور پر یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ماضی میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی ماہ ذوالحج کے دوران کی جاتی تھی، تاہم اب یہ روایت تبدیل ہو کر یکم محرم الحرام کو منتقل ہو چکی ہے، جس کا مقصد نئے اسلامی سال کے آغاز کو مزید بابرکت اور علامتی طور پر نمایاں کرنا ہے۔
پاکستان میں محرم الحرام کا آغاز مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ کیا جاتا ہے، جبکہ ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے جاتے ہیں۔ جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی تقریبات کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے متحرک رہتے ہیں۔