خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 7 افراد جاں بحق
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ اضلاع میں بنوں، مانسہرہ اور شانگلہ شامل ہیں، جہاں خراب موسم نے جانی اور مالی نقصان پہنچایا۔
بنوں میں آندھی اور طوفانی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چار افراد جان کی بازی ہار گئے، اس ضلع میں 24 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 9 بچے اور 9 خواتین شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مانسہرہ میں آسمانی بجلی گرنے اور شدید بارش کے باعث ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔ اسی طرح ضلع شانگلہ میں آسمانی بجلی گرنے کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ بچوں اور تین خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شدید موسمی حالات کے باعث 25 مویشی بھی ہلاک ہوئے، جس سے متاثرہ خاندانوں کو معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، متاثرہ علاقوں میں متعدد گھروں اور املاک کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، ضلعی حکام کو متاثرین تک فوری امدادی سامان پہنچانے اور ریلیف آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، نئی سہولت متعارف کرا دی گئی
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔