الیکٹرک بائیک اب ہر ایک کیلئے، حکومت کا بڑی سکیم لانے کا فیصلہ

حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ایسی سکیم لانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے الیکٹرک بائیک کا حصول ہر شہری کی دسترس میں ہو گا۔
فائل فوٹو
Updated 18 گھنٹے قبل | Published June, 8 2026 | Muhammad Bilal
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ایسی سکیم لانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے الیکٹرک بائیک کا حصول ہر شہری کی دسترس میں ہو گا۔

حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے لاہور میں شہریوں کے لیے الیکٹرک بائیک کرائے پر دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے، اس اسکیم کے تحت شہری اب آسانی سے ماحول دوست ٹرانسپورٹ استعمال کر سکیں گے اور مہنگے پٹرول کی بچت بھی کر سکیں گے۔

الیکٹرک وہیکلز نہ صرف ایندھن کے اخراجات کم کریں گی بلکہ فضائی آلودگی میں کمی لا کر شہر کے ماحول کو بھی محفوظ بنائیں گی۔

منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں پنجاب حکومت 10 ہزار الیکٹرک بائیکس کرایہ پر فراہم کرے گی جبکہ شہر بھر میں 300 ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی، وزیراعظم کی اہم ہدایت

پنجاب ہاؤسنگ اتھارٹی ان اسٹیشنوں کے لیے زمین مہیا کرے گی تاکہ رہائشی اور تجارتی علاقوں کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ پوائنٹس کے درمیان بہتر رابطہ ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ حکام کے مطابق اس منصوبے کے نفاذ سے لاہور میں کاربن کے اخراج میں واضح کمی متوقع ہے جس سے سالانہ ہزاروں ٹن کاربن کی پیداوار میں کمی آئے گی اور شہر میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی سطح پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

یہ سروس طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کے لیے سستی اور جدید نقل و حرکت کا حل فراہم کرے گی، شہری موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بائیک تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اس کو بھی دیکھیں: دو لاکھ سے کم قیمت میں کونسی الیکٹرک بائیکس مارکیٹ میں دستیاب ہیں؟

تاہم حکومت نے کرایے کے چارجز کے حوالے سے ابھی کوئی تفصیلات نہیں بتائی ہیں، یہ بھی واضح نہیں کہ بائیک فی گھنٹہ یا یومیہ بنیاد پر دستیاب ہو گی۔

حکام کے مطابق اس اسکیم کا مقصد الیکٹرک وہیکلز کو ہر شہری کی دسترس میں لانا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔