نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی، وزیراعظم کی اہم ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے منصوبے سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دیں۔
فوٹو بشکریہ پی ایم سوشل میڈیا
Updated 23 گھنٹے قبل | Published May, 13 2026 | Muhammad Bilal
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے منصوبے سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ برس کیلئے نئے منصوبوں کی تجاویز کے حوالے جائزہ اجلاس ہوا۔

دوران اجلاس وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کے حوالے سے کارگردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لئے اقدامات میں اضافہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی جامعات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے جامع لائحہ عمل پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت روزگار کے مواقع میں توسیع

محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ "وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام" نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر توجہ مرکوز کرے جس سے نوجوانوں کے لئے ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع یقینی ہوں۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے مختلف آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے اور کم آمدن و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے لئے یوتھ پروگرام کو وزارت صنعت کے ساتھ تعاون کی ہدایت بھی کی۔