ملک بھر میں بجلی 1 روپے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی

Electricity Price Increase Pakistan
فائل فوٹو
Updated | Published June, 5 2026 |
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) بجٹ سے قبل مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ اپریل 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر کے صارفین کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ اضافی چارجز رواں ماہ جون کے بجلی کے بلوں میں وصول کیے جائیں گے، جس سے صارفین پر مالی بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔

ذہن نشین رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل 2026 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کیلئے نیپرا سے ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ایک روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ گھریلو اور تجارتی صارفین دونوں کیلئے ہی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

دوسری جانب عام عوام نے بھی بجلی کے نرخوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

خیال رہے کہ بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری جاری ہے اور عوام پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔