علاج کے بعد عمران خان کی بینائی 6/6 رپورٹ ہوئی: طلال چودھری
اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا حقائق کے برعکس ہے، آنکھ ضائع نہیں ہوئی، قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ سینئر سپیشلسٹس پر مشتمل میڈیکل بورڈ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا باقاعدگی سے معائنہ کرتا ہے، میڈیکل بورڈ میں آئی سپیشلسٹس، کارڈیالوجسٹس، ای این ٹی ماہرین اور ڈینٹل سرجن شامل ہیں۔
طلال چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا تمام علاج بین الاقوامی طبی اصولوں کے مطابق کیا جاتا ہے، آنکھ کے علاج کے لیے متعدد بار پمز اسلام آباد میں سپیشلسٹ کی نگرانی میں عمران خان کو علاج فراہم کیا گیا، علاج کے بعد سابق وزیراعظم کی بینائی 6/6 رپورٹ ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان پر جیل میں تشدد، سلمان اکرم راجہ کا بڑا دعویٰ
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی جامع رپورٹ پر سپریم کورٹ بھی اطمینان کا اظہار کر چکی ہے، پاکستان کی تاریخ میں شاید ہی کسی قیدی کو ایسی سہولیات میسر آئی ہوں جو عمران خان کو جیل میں فراہم کی جارہی ہیں۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور انتشار کی سیاست ناکام ہوئی تو اب ہمدردی کارڈ کھیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔