حکومت نے لائٹ ڈیزل، مٹی کا تیل اور جیٹ فیول سستا کر دیا
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 63 روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 365 روپے 21 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 28 روپے 81 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور اس کی نئی قیمت 270 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح جیٹ فیول کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے تحت فی لیٹر 74 روپے 70 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 396 روپے 31 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر یہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جبکہ نئی قیمتیں محدود مدت یعنی ایک ہفتے کے لیے لاگو رہیں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ آئندہ قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
.jpg)
یاد رہے رات گئے حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا تھا۔ وزارت پٹرولیم نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد 25 اپریل سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 26 روپے 77 پیسے کے اضافے کے بعد 393 روپے 35 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لٹر ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ علاقائی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو رہا ہے، تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دباؤ اور عالمی شراکت داروں سے معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے پڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان حالات کے پیش نظر آئندہ ہفتے کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے،جس قدر ممکن ہوا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کو برداشت کیا،وفاقی حکومت سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے عوام کو تاریخی ریلیف پیکیج دیا۔
علی پرویز ملک نے کہا دعاگو ہیں کہ جلد علاقائی امن کے حصول میں پیش رفت ہو اور عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔