سہیل آفریدی کا 19 اپریل کو مردان میں پاور شو کا اعلان
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 19 اپریل کو مردان میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 19 اپریل کو مردان میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

اس حوالے سے پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خصوصی ہدایت پر 10 روز کے اندر خیبر پختونخوا میں جلسے کا انعقاد کرنا ہے،بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر 19 اپریل کو سہ پہر 3 بجے مردان ریلوے گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ منعقد کریں گے۔

سہیل خان آفریدی نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ناحق قید کاٹ رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت پر گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے، تمام تر مظالم کے باوجود ثابت کریں گے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے علیمہ خان کا شناختی کارڈ بحال کرنیکا حکم دیدیا

ان کا کہنا تھا کہ 19 اپریل کو دنیا کو دکھائیں گے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پابند سلاسل ہونے کے باوجود بڑی سیاسی سرگرمی کر سکتے ہیں، مخالفین خصوصاً ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ٹاؤٹس جلسے کو ناکام بنانے کے لئےمنفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، عمران خان کی عدم موجودگی میں مخالفین کو پیغام دیں گے کہ قوم آج بھی بانی کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر سے عوام کو 19 اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، عوام اور بالخصوص پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان جلسے میں شرکت کو یقینی بنائیں۔