عدالت نے علیمہ خان کا شناختی کارڈ بحال کرنیکا حکم دیدیا
انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کے خلاف کیس کی سماعت کی جہاں ملزمہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فریقین کے وکلاء نے دلائل مکمل کئے۔

پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ نے علیمہ خان کی مسلسل عدم حاضری کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان گزشتہ دو ماہ سے عدالت پیش نہیں ہو رہیں، لہٰذا قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔

دوسری طرف علیمہ خان کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ میری مؤکلہ کا شناختی کارڈ بلاک ہے، جس کے باعث انہیں آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور عدالت سے استدعا ہے کہ علیمہ خان کا شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کے وارنٹ منسوخ بینک اکاؤنٹ ڈی فریز کرنیکا حکم

بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے علیمہ خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور کیس کی سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی، عدالت نے آئندہ سماعت پر علیمہ خان اور تفتیشی افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، جبکہ وکیل کو آخری گواہ پر جرح مکمل کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔

عدالت نے علیمہ خان کے بلاک شناختی کارڈ کی بحالی کے لئے دوبارہ حکم بھی جاری کر دیا۔