محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں ایک نیا موسمی نظام تشکیل پا رہا ہے، جس کے زیرِ اثر اسلام آباد سمیت قریبی پہاڑی علاقوں میں موسم کی صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
اس نظام کے باعث بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ کہیں کہیں تیز بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا کہ بارش کے دوران تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور گرج چمک کی شدت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے موسمی نظام عموماً موسم میں اچانک تبدیلی کا باعث بنتے ہیں، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن آگیا
دوسری جانب انتظامیہ کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کیلئے الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں اور محفوظ مقامات پر رہنے کو ترجیح دیں۔