حجاج کرام کیلئے حکام کا اہم فیصلہ جاری
Hajj service Pakistan
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حجاج کرام کیلئے ملک بھر کے 10 حج کیمپوں میں ایک روزہ، ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس اقدام کے تحت تمام ضروری مراحل جن میں تربیت، ویکسینیشن اور سفری دستاویزات کا اجرا شامل ہے، ایک ہی دن میں مکمل کیے جائیں گے۔

اس منصوبے کا مقصد حجاج کا وقت اور سفری اخراجات بچانا ہے جس سے تقریباً 1 لاکھ 19 ہزار درخواست گزار مستفید ہوں گے۔

خیال رہے کہ حج آپریشن کا دوسرا مرحلہ بدھ 8 اپریل سے باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ حج کیمپ اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان میں قائم کیے گئے ہیں۔

ون ونڈو سسٹم کے ذریعے حجاج کو ایک ہی جگہ پر متعدد سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں حج تربیت، لازمی ویکسینیشن، ایئر لائن ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکٹ، سامان کے ٹیگز اور ادویات کی پیکنگ شامل ہیں، اس اقدام کا مقصد مختلف دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت کو ختم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے امتحانی مراکز میں امتحانات ملتوی

وزارت کے ترجمان عمر بٹ کے مطابق ویکسینیشن اور تربیتی سیشنز کا مکمل شیڈول پاک حج ایپ پر دستیاب ہے، وزارت نے حجاج کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ حج کیمپ کا دورہ کرتے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور تصویر کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ بینک رسید ساتھ لائیں۔

زائرین کی سہولت کے لیے حج کیمپوں میں خصوصی بینک کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ کرنسی ایکسچینج میں آسانی ہو سکے۔