وزیراعظم کا پٹرول 80 روپے فی لیٹر کم کرنیکا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے رات گئے پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے رات گئے پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا جس کے بعد نئی قیمت 378 روپے ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے رات گئے قوم سے خطاب کرتے ہوئے پٹرول کی قیمتوں میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول پر لیوی میں بھی 80 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، پٹرول کی نئی قیمت کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو قرض واپس کرنے کا فیصلہ

شہباز شریف نے کابینہ ارکان کی 2 ماہ کے بجائے 6 ماہ کی تنخواہ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، عام آدمی کے لیے نئے چینلنجز ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ موٹرسائیکل کو ایک لیٹر پٹرول پر 100 روپے اور گڈز ٹرانسپورٹ کو ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار اور بڑے ٹرک کو 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی، بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی جبکہ چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ امداد فراہم کی جائے گی، ریل کے اکنامی کلاس کے مسافروں کے کرائے میں اضافہ نہیں ہوگا۔

یاد رہے حکومت نے کچھ روز قبل پیٹرول 137 روپے 24 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے مقرر ہوگئی تھی۔