وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایران میں مسلط ہونے والی جنگ اور اسکے خطے پر اثرات کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے، صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر جنگ ختم کرانے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں اور قومی سلامتی کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا مگر تین ہفتوں تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں غریبوں کے لیے سبسڈی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک پیج پر ہیں اور کل وزیراعظم کے ساتھ اجلاس میں چاروں صوبوں نے اپنی تجاویز پیش کی، اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر موٹر سائیکل والے شہری کو ایک ماہ کے لیے دو ہزار روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں اور انہوں نے کہا کہ عالمی بحران کے اثرات خطے پر پڑ رہے ہیں لیکن حکومت نے عوام کے لیے فوری ریلیف کے اقدامات کیے ہیں۔