سکیورٹی فورسز کی پاک افغان سرحد پر کارروائی، 8 خوارج ہلاک
یکم اپریل کو سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں شمالی وزیرستان میں خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت پکڑی گئی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) یکم اپریل کو سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں شمالی وزیرستان میں خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت پکڑی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد پر خوارج کے خلاف مؤثر کارروائی میں فتنہ الخوارج کے آٹھ دہشتگرد ہلاک ہوئے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ واقعے سے افغان طالبان حکومت کی سرحدی نگرانی میں ناکامی ایک بار پھر بے نقاب ہوئی، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے پر شدید تحفظات ہیں، افغان طالبان اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، دہشتگردوں کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دفاع وطن کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، مزید دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کارروائیاں تیز کر دی گئیں، "عزم استحکام" کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا افغانستان کیخلاف آپریشن غضب للحق میں عارضی وقفے کا اعلان

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرِ ستان میں پاک افغان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی اور کارروائی میں آٹھ خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ کے غیر متزلزل عزم میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔