شیرافضل مروت نے پی ٹی آئی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف و رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر تنقیدی نشتر چلا دیے۔
فائل فوٹو
ڈی آئی خان: (ویب ڈیسک) سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف و رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر تنقیدی نشتر چلا دیے۔

ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نہ خود کام کرتی ہے نہ کسی اور کو کرنے دیتی ہے، علی امین گنڈاپور کو واپس لانے کے لیے پی ٹی آئی کو انہیں راضی کرنا پڑے گا، علی امین گنڈا پورکو وزارت اعلیٰ سے ہٹانےکے لیے پارٹی کی جانب سے ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے تھے۔

شیرافضل مروت نے موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہ اب ایک ایسے بندے کو خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے جس میں پرائمری اسکول چلانے کی صلاحیت نہیں ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی 6 ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک اپنی کابینہ بھی نہیں بنا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا عوام کو سستا تیل فراہم کرنے کا فیصلہ

سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کونسا وزیراعلیٰ ہے جو اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں میں نہیں ہوتا؟ پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور پر اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کا الزام لگایا تھا، موجودہ وزیراعلیٰ تو اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں میں 10 قدم آگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک علی امین اور بیرسٹر گوہر کو آگے نہیں لایا جاتا پارٹی آگے نہیں جائےگی۔

شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تک صرف ان کی بہنوں کو رسائی حاصل ہے، بہنوں کی وجہ سے ہی بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہیں آسکے۔