عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
Imran Khan case
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں کو باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کیس میں دائر اپیلوں پر سماعت 31 مارچ کو ہوگی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف اس اہم کیس کی سماعت کریں گے۔

عدالت نے اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کی متفرق درخواست پر وکیلِ صفائی سے جواب طلب کر رکھا ہے، نیب کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ سزا معطلی کی درخواستیں قابلِ سماعت نہیں ہیں، جس پر عدالت آئندہ سماعت میں تفصیلی دلائل سنے گی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 17 جنوری 2025 کو اس کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزائیں سنائی تھیں، جس کے بعد دونوں کی جانب سے اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:مراد سعید سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار، نوٹیفکیشن جاری

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کیس نہ صرف سیاسی بلکہ قانونی حوالے سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، اس کے نتائج ملکی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں، اب تمام نظریں 31 مارچ کی سماعت پر مرکوز ہیں، جہاں عدالت اس معاملے میں اہم فیصلے کی جانب پیش رفت کرے گی۔