مراد سعید سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار، نوٹیفکیشن جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما مراد سعید سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دے دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما مراد سعید سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی سینیٹ کی نشست سے نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے 25 مارچ 2026 کو مراد سعید کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی سے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی، مراد سعید کو آئین کے آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے مراد سعید کو ڈی نوٹیفائی کر دیا، مراد سعید کی سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی گئی۔

یاد رہے کہ رہنما پاکستان تحریک انصاف مراد سعید خیبر پختونخوا سے جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے حلف نہیں اٹھایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی اہم رہنما عالیہ حمزہ گرفتار

واضح رہے کہ مراد سعید کے خلاف کیس "اسٹیٹ ورسز عاصم رحمان" میں فیصلہ سنایا گیا، مراد سعید کے خلاف کیس ایف آئی آر نمبر 708/23 تھانہ آر اے بازار راولپنڈی میں درج تھا، انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 1 راولپنڈی نے مرادسعید کو سزا کا فیصلہ سنایا۔

ذہن نشین رہے کہ مراد سعید 9 مئی کی توڑ پھوڑ، کارکنان کو اکسانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیسز میں مطلوب ہیں اور طویل عرصے سے روپوش ہیں۔

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد نگران دور میں ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی گئیں، پشاور میں ان کے رشتہ داروں کے گھر پر چھاپہ بھی مارا گیا لیکن وہ گرفتاری سے بچ نکلے تھے۔