وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
فوٹو سکرین گریب
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، دنیا غیر معمولی صورتحال سے دوچار ہے، برادر ممالک پر حملوں نے صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 49 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 74 روپے اضافے کی سمری آئی تھی، عید کے پرمسرت لمحات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے، آئندہ ہفتے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان حال ہیں، وفاقی حکومت اضافی اخراجات کو برداشت کرے گی جس سے 45 ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتے کے دوران وفاقی حکومت پیٹرول کی قیمت میں اب تک 127 روپے فی لیٹر اضافہ روک رہی ہے، آج سے شروع ہونے والے ہفتے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم قیمتوں میں 49 روپے تک اضافے کی سمری حکومت کو ارسال

محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں کفایت شعاری کو اپنانا ہوگا، حکومت کے ساتھ اشرافیہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کرے، کفایت شعاری اور سادگی مہم کا آغاز حکومتی سطح پر نافذالعمل ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے قومی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا ہے، میں روزنہ کی بنیاد پرکفایت شعاری کے اقدامات کا جائزہ لے رہا ہوں، آج ہمیں ایثار اور قربانی کے جذبے کی جتنی ضرورت ہے وہ شاید پہلے کبھی نہیں تھی، دعا ہے کہ خطے میں جاری جنگ کا جلد ازجلد حل نکلے۔

ضرور پڑھیں