تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی ہدایات پر بینکوں نے نئے نوٹوں کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا ہے، اور شہری اپنے قریبی بینک برانچ سے براہِ راست رجوع کر کے نئے نوٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مخصوص بینکوں کے اے ٹی ایمز کے ذریعے بھی معیاری اور نئے کرنسی نوٹ نکالنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے نوٹ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی پاکستانی شہری کے پاس اصل اور معتبر قومی شناختی کارڈ (CNIC) ہونا ضروری ہے۔ رمضان المبارک کے دوران بینکوں کا دورہ کرنے والے افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوئی سدرن کا عیدالفطر کے دوران گیس فراہمی کا شیڈول جاری
اسٹیٹ بینک نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ عید کے قریب آتے ہی نئے نوٹوں کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے باعث قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، لہٰذا بہتر ہے کہ شہری رمضان کے ابتدائی دنوں میں ہی نئے نوٹ حاصل کر لیں تاکہ کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب بڑے شہروں کے مختلف بازاروں میں بعض افراد غیر قانونی طور پر اسٹالز لگا کر نئے نوٹ زائد قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور نوٹوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ اس عمل کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور تمام شہریوں کو برابر سہولت فراہم کی جا سکے۔