ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چاند رات سے عید الفطر کی رات 12 بجے تک گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری رہے گی،عید الفطر کے پہلے اور دوسرے روز رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک گیس کی فراہمی بند رہے گی۔
شیڈول کے مطابق عید الفطر کے پہلے اور دوسرے روز صبح 06:00 بجے سے رات 12:00 بجے تک گیس دستیاب ہو گی جبکہ عید کے تیسرے دن سے گیس صبح 06:00 بجے سے رات 10:00 بجے تک فراہم کی جائے گی۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا کہ عید الفطر کے بعد گیس فراہمی رمضان المبارک سے پہلے کے گیس لوڈ مینجمنٹ شیڈول کے مطابق بحال ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سوئی ناردرن کا رمضان میں گیس فراہمی کا شیڈول جاری
گیس کمپنی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے دوران گیس کے استعمال میں احتیاط برتیں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں تاکہ تمام صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایس ایس جی سی حکام کے مطابق ہیلپ لائن اور شکایات مراکز عید کے دوران بھی فعال رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث لوڈ مینجمنٹ ناگزیر ہو جاتی ہے، تاہم بہتر منصوبہ بندی سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔