وزیراعظم ہاؤس ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی سنگین کشیدگی کی شدید مذمت کی، جس کے بعد قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک میں ایران نے افسوسناک حملے کئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس صورتحال کو علاقائی امن و استحکام کیلئے تشویشناک قرار دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے موجودہ بحران کے دوران قطر کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیرِ قطر کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ملک قطر اور اس کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران پر حملہ،روس نے ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کیلئے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ مسائل کا حل بات چیت، سفارت کاری اور باہمی احترام کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔