سرکاری اعلامیے کے مطابق پروگرام سے استفادہ کرنے کے لیے خاتون کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ مستحق خواتین کو قریبی نشوونما سینٹر، سرکاری اسپتال یا صحت مرکز پر جا کر اندراج مکمل کرنا ہوگا۔ رجسٹریشن کے دوران قومی شناختی کارڈ، بچے کا فارم (ب فارم) اور بچے کی حفاظتی ٹیکوں کا کارڈ پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اہلیت کے معیار کے مطابق حاملہ خواتین اور دو سال تک کے بچوں کی مائیں اس پروگرام میں شامل ہو سکتی ہیں، جبکہ بچوں کی عمر صفر سے 23 ماہ تک ہونی چاہیے۔ حکام کے مطابق اندراج کے بعد مستحق خاندانوں کو سہ ماہی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ بچوں کی بہتر غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کیلئے ہزاروں ویزے،اٹلی نے بڑا اعلان کردیا
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حاملہ خواتین کو ہر سہ ماہی 2500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔ بچے کی پیدائش کی صورت میں 2500 روپے جبکہ لڑکی کی پیدائش پر 3000 روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہر سہ ماہی 500 روپے سفری اخراجات کی مد میں بھی دیے جائیں گے، جو بچے کی عمر دو سال مکمل ہونے تک جاری رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غذائی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کی بڑی تعداد جسمانی اور ذہنی نشوونما میں کمی کا شکار ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ابتدائی ہزار دنوں میں غذائی معاونت فراہم کر کے بچوں کی بہتر پرورش کو یقینی بنایا جائے گا۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انتظامیہ کے مطابق عوام مزید معلومات کے لیے سرکاری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رجوع کر سکتے ہیں۔ حکام نے مستحق خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن مکمل کر کے حکومتی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔