چالان ہونے پر شہری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا
طاہر بیگ نامی شہری
گجرات میں چالان ہونے پر پریشان موٹرسائیکل سوار شہری دل کا دورہ پڑنے سے ٹریفک اہلکاروں کے سامنے ہی جاں بحق ہوگیا/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) گجرات میں چالان ہونے پر پریشان موٹرسائیکل سوار شہری دل کا دورہ پڑنے سے ٹریفک اہلکاروں کے سامنے ہی جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق طاہر بیگ نامی شہری اپنی موٹرسائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے اسے پرانے 15 آفس کے سامنے روک لیا۔ پولیس کے مطابق شہری نے ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا، جس پر ضابطے کے تحت اس کا دو ہزار روپے کا چالان کیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چالان ہونے پر طاہر بیگ شدید پریشانی کا شکار ہوگیا۔ وہ ٹریفک اہلکاروں سے منت سماجت کرتا رہا کہ اس کا چالان معاف کر دیا جائے، تاہم کارروائی مکمل کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے ایم نائن پر خوفناک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

چند لمحوں بعد اچانک اس کی طبیعت بگڑنے لگی، اسے چکر آئے اور وہ زمین پر گر پڑا۔ موقع پر موجود افراد اور پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے عزیز بھٹی ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق وہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث جانبر نہ ہو سکا۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ دسمبر 2025 میں دادو میں بھی ایک ایسا ہی افسوسناک سانحہ پیش آیا تھا۔ عدالتی احاطے میں عبدالواحد نامی نوجوان اپنے بھائی کی ضمانت کے لیے فورٹ ایڈیشنل سیشن عدالت دادو آیا تھا۔ عدالت کی جانب سے ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد وہ شدید صدمے میں آگیا اور اس کی حالت خراب ہوگئی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔