الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی اڈیالہ جیل آمد متوقع
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان
الشفا آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم راولپنڈی اڈیالہ جیل میں عمران خان کی آنکھوں کا معائنہ کرے گی/ فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) سپریم کورٹ کے حکم کے بعد بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بینائی کی رپورٹ پر الشفا آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی اڈیالہ جیل آمد متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق الشفا آئی ٹرسٹ ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھوں کا معائنہ کرے گی، تین سے چار رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم کے عمران خان کے معائنہ کے بعد رپورٹ پر ہسپتال منتقلی کا فیصلہ کیا جائیگا۔

یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں عمران خان کی صحت کے حوالے سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان روزانہ صبح پونے دس بجے ناشتہ کرتے ہیں، ناشتہ کے بعد ایک گھنٹہ قرآن خوانی کرتے ہیں، قرآن خوانی کے بعد دستیاب مشینوں سے ورزش کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سوا ایک بجے نہاتے ہیں، نہانے کے بعد کمپائونڈ میں بیٹھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان جس ڈاکٹر سے آنکھ کا علاج کرانا چاہیں کرایا جائے گا،رانا ثنااللہ

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ساڑھے تین سے چاربجے کے درمیان دوپہرکا کھانا کھاتے ہیں، عمران خان شام ساڑھے پانچ بجے دوبارہ واک کرتے ہیں، شام ساڑھے پانچ سے صبح دس بجے تک سیل میں رہتے ہیں، صبح ناشتے میں ایک کپ کافی، دلیہ اور چند کھجوریں استعمال کرتے ہیں، دوپہر کے کھانے کے لئے ایک ہفتے کا پلان دیتے ہیں۔

کھانے کے اخراجات فیملی ادا کرتی ہے، دو دن مرغی، دو دن گوشت، دو دن دال یا چاٹ سنیکس وغیرہ ہوتے ہیں، پینے کے لئے منرل واٹر کی بوتل دستیاب ہے، رات کے کھانے کے لئے کچھ مختص نہیں ہے، رات کا کھانا نہیں کھاتے، رات میں فروٹ، دودھ اور کھجوروں کا استعمال کرتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو بروقت طبی سہولتیں نہیں دی گئیں، آنکھ میں خون جمنے سے شدید نقصان ہوا، ملاقات کے دوران بھی بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے پانی آ رہا تھا، 5 ماہ سے عمران خان کو وکلا سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، فیملی ملاقاتوں پر بھی پابندی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیل میں تنہائی کے باعث ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے، عمران خان نے بتایا گرمی اور مچھروں سے نیند متاثر ہوئی، سیل میں فریج نہ ہونے سے فوڈ پوائزننگ کی شکایت بھی ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے ذاتی ڈاکٹر کو رسائی نہ دینے کی شکایت کی، دو سال سے زائد عرصہ تنہائی میں رکھنے کا بتایا گیا۔

جیل حکام کو فوری طبی اقدامات کی سفارش کی جاتی ہے، کتابوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے، بانی پی ٹی آئی کو منصفانہ قانونی ٹرائل فراہم کیا جائے، بیٹوں سے ٹیلیفون پر بات کرائی جائے، بانی کی آنکھ میں خون کے لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) کی تشخیص ہوئی جس کے باعث شدید نقصان ہوا، بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں سے پانی بہ رہا تھا جسے وہ بار بار صاف کر رہے تھے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ عمران خان نے بتایا کہ دو سال سے دانتوں کا معائنہ بھی نہیں کرایا گیا، بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ ان کی عمر کے مطابق باقاعدگی سے بلڈ ٹیسٹ نہیں کرائے جا رہے، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں موجود ٹی وی فعال نہیں ہے، وکلاء سے ملاقات کے بغیر شفاف ٹرائل کا بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے، عدالت وکلاء سے ملاقات کے معاملے پر مداخلت کرے۔

بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ کے ساتھ بلا تعطل ملاقاتیں کرائی جائیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل سے مچھروں اور حشرات کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں ریفریجریٹر جیسی بنیادی ضرورت بھی فراہم کی جائیں۔