کھاریاں: 9 ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے اختتام پذیر
انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے
تقریب میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے/ فائل فوٹو
راولپنڈی (سنو نیوز) کھاریاں میں 9 واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 60 گھنٹوں پر مشتمل پیٹرولنگ مشق کا بنیادی مقصد پیشہ ورانہ عسکری مہارتوں میں اضافہ اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی تھا۔ یہ مشق 5 فروری سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں جاری رہی، جس میں 19 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ متعدد ممالک مبصر کے طور پر شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے فوری ملاقات کی استدعا مسترد، حکومت کو نوٹس

مقابلے میں پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی مجموعی طور پر 16 مقامی ٹیمیں بھی شریک رہیں، جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین نے بھی ایونٹ میں شرکت کی۔ کثیر الملکی مشقوں کو جدید جنگی ماحول میں باہمی تعاون اور عملی مہارتوں کے فروغ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا۔

نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں جاری تربیتی سرگرمیوں کا بھی مشاہدہ کیا گیا، جبکہ نئے ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا دورہ کرتے ہوئے سمیولیٹر بیسڈ ٹریننگ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ پیٹس 2026 میں شریک ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکا، ازبکستان، انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ شامل تھے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ کثیر القومی سرگرمیاں عسکری تیاری کو بہتر بنانے اور جدید جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے تمام ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، عملی صلاحیت اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے سپاہیانہ اوصاف “کردار، جرات اور قابلیت” کو اجاگر کیا۔