حکومت کا لاہور میں رمضان ریلیف فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان
Discounted Food Items
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) رمضان سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 13 سے 15 فروری تک جیلانی پارک میں رمضان بچت فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا.

اس حوالے سے ایک رابطہ اجلاس فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عاصم جاوید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا گیا تاکہ اس اقدام پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق خصوصی ریلیف اسٹالز پر آٹا، گھی، دالیں، چینی، چاول، پھل، سبزیاں اور دیگر ضروری اشیاء کم قیمت پر فراہم کی جائیں گی تاکہ رمضان سے قبل شہریوں کو گھریلو اخراجات میں سہولت مل سکے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ فیسٹیول کے دوران خوراک کے معیار اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کی جائے گی جبکہ تمام اسٹالز پر سپلائی اور قیمتوں کی مسلسل جانچ کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ اسلام آباد پر بسنت تقریبات منسوخ کردیں، دل رنجیدہ ہے: مریم نواز

خریداری کی سہولیات کے علاوہ فیسٹیول میں مقامی ثقافت اور روایات کو بھی اجاگر کیا جائے گا جس سے خاندانوں کو تفریح کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے تحت متعدد ضروری اشیاء پر خصوصی رعایتیں دی جائیں گی۔