بسنت کے دوران چھت سے گر کر نجی ٹی وی کے رپورٹر جاں بحق
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے دوران چار منزلہ چھت سے گر کر نجی ٹی وی کے رپورٹر زین ملک جاں بحق ہو گئے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے دوران چار منزلہ چھت سے گر کر نجی ٹی وی کے رپورٹر زین ملک جاں بحق ہو گئے۔

مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں بسنت مناتے ہوئے افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نجی ٹی وی سے وابستہ رپورٹر زین ملک چھت سے گر کر انتقال کر گئے۔

رپورٹس کے مطابق زین ملک لاہور کے علاقہ ساندہ کے رہائشی تھے، یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ بسنت کی تقریبات کے دوران ایک مکان کی چوتھی منزل پر موجود تھے اور اسی دوران وہ اچانک توازن کھو بیٹھے اور نیچے گر گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شدید زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر میاں منشی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

ہسپتال کی جانب سے جاری کیے گئے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق زین ملک کو اونچی جگہ سے گرنے کے باعث سر پر گہری چوٹ آئی جو کہ جان لیوا ثابت ہوئی۔

علاوہ ازیں پولیس رپورٹس کے مطابق لاہور میں بسنت مناتے ہوئے مختلف واقعات کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، ٹاؤن شپ، سیکٹر بی ون میں 25 سالہ امتیاز علی پتنگ پکڑتے ہوئے چھت سے گر گیا، زخمی نوجوان کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی بسنت، وزیراعلیٰ نے نوید سنا دی

پولیس کے مطابق اعوان ٹاؤن، گلی نمبر 3 میں پتنگ لوٹنے کے دوران 13 سالہ محمود گھر کی چھت سے گر گیا، متاثرہ بچے کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، لیاقت آباد کے علاقہ پنڈی سٹاپ کی گلی نمبر 5 میں پتنگ بازی کے دوران چھت سے گر کر شہری زخمی ہو گیا ، 32 سالہ مون مسیح کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی جو جناح ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ گرین ٹاؤن کے علاقہ باگڑیاں میں بچوں کو پتنگ بازی سے منع کرنے والا شخص خود چھت سے گر گیا، 56 سالہ اقبال کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج معالجہ جاری ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق جوہر ٹاؤن کے جی بلاک کا رہائشی 50 سالہ کامران آتشبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمی ہو گیا، متاثرہ شخص کا ایک ہاتھ زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔