صوبائی دارالحکومت لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول رعنائیوں کی بلندیوں کو چھو رہا ہے، بسنت فیسٹیول کے لیے لاہوریوں کا جوش و خروش بھی دیدنی ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شاہریز خان اور ان کے اہل خانہ بھی بسنت کا تہوار منانے اندرون لاہور پہنچ گئے، علیمہ خان کےبیٹے شاہریز نے جمعہ کے روز اپنے بچوں کے ہمراہ اندرون لاہور میں بسنت منائی، عمران خان کے بھانجے شاہریز نے اپنے ایک دوست کے گھر کی چھت پر پتنگ بازی کی۔
شاہریز کا کہنا تھا کہ بچپن میں پتنگ بازی کیا کرتا تھا، اپنے بچوں کو بسنت دکھانے اندرون شہرگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں تین روز کے دوران 9 لاکھ گاڑیوں کی انٹری کا ریکارڈ
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کو اہلخانہ کے ہمراہ بسنت مناتے دیکھا گیا تھا، تصویر میں وہ پتنگ اڑاتے بھی دکھائی دے رہے تھے۔

واضح رہے کہ تین روزہ بسنت فیسٹیول کا آج آخری روز ہے، شہریوں کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کا اختتامی وقت رات 12 بجے سے بڑھا کر پیر کی صبح 5 بجے تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بسنت کے ایام میں لاہوریوں کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے مفت سفری سہولیات بھی فراہم کی گئیں جس سے لاکھوں شہری مستفید ہوئے۔