لاہور میں تین روز کے دوران 9 لاکھ گاڑیوں کی انٹری کا ریکارڈ
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے 3 روز کے دوران 9لاکھ گاڑیو ں کی انٹری کا ریکارڈ بن گیا، اورنج لائن،میٹروبس، فیڈربس، الیکٹروبس اور دیگر سرکاری بسوں پر 2 روز میں تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے سفر کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔
فائل فوٹو
لاہور : (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے 3 روز کے دوران 9 لاکھ گاڑیو ں کی انٹری کا ریکارڈ بن گیا، اورنج لائن،میٹروبس، فیڈربس، الیکٹروبس اور دیگر سرکاری بسوں پر 2 روز میں تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے سفر کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت بسنت فیسٹیول کے حوالے سے خصوصی ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کی دو روزہ رپورٹ پیش کی۔

اجلاس کے دوران ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی، کمشنر، ہیلتھ، پی ایچ اے، پولیس اور سکیورٹی حکام نے وزیرتفصیلی بریفنگ دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت کے انتظامات اور سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اورنج لائن میٹروٹرین پر جمعہ کو 2 لاکھ 99 ہزار، ہفتے کو 3 لاکھ 5 ہزار جبکہ مجموعی طور پر 2 روز میں 6 لاکھ سے زائد مسافروں نے مفت سفر کیا، میٹر وبس پر جمعہ کو ایک لاکھ 43ہزار،ہفتے کو ایک لاکھ 35ہزار اور مجموعی طور پر 2 لاکھ 78ہزار مسافر مفت سفر کی سہولت سے مستفید ہوئے۔

اسی طرح سپیڈو فیڈر بسوں پر جمعہ کو ایک لاکھ 74 ہزار، ہفتے کو ایک لاکھ 82 ہزار اور مجموعی طور پر 3 لاکھ 57 ہزار مسافروں نے مفت سفر کیا، الیکٹروبس فیڈر روٹس پر جمعہ کو 15 ہزار، ہفتے کو 15ہزار اور مجموعی طور پر 30 ہزار مسافروں نے مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے تحت مہیا کردہ بسوں پر جمعہ کو 30 ہزار، ہفتہ کو 30 ہزار اور مجموعی طور پر 60 ہزار مسافروں نے مفت سفر کیا، گرین الیکٹرو بسوں پر جمعہ کو 25 ہزار، ہفتے کو 27 ہزار اور مجموعی طور پر 52 ہزار مسافروں نے مفت سفر کی سہولت حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا بسنت تقریبات کے وقت میں توسیع کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ لاہور میں عوام کے مفت سفر کے لئے 419 بسیں آخری دن بھی میسر ہیں، بسنت کے موقع پر عوام کو فری رائیڈز د ی جا رہی ہیں، اورنج لائن میٹرو ٹرین آج رات تک مسافروں کو مفت سفر کی سہولت مہیا کررہی ہے، آج بھی میٹروبس، فیڈر بسیں اورگرین بسیں فری ٹریول کی سہولت مہیا کر رہی ہیں۔

اسی طرح آج بھی 6 ہزار یانگو رکشوں پر حکومت کی طرف سے فری رائیڈ ز دی جا رہی ہیں ، بسنت فیسٹیول کے آخری روزبھی حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، آخری روز بھی مقررہ سائز اور سٹینڈرڈ کے مطابق ہی پتنگ اور ڈور کا استعمال کیا جائے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج بسنت میلے کا آخری روز ہے، تین روزہ بسنت فیسٹیول کے اختتام پر پتنگ بازی پر پابندی برقرار رہے گی، بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور کے شہریوں کا تعاون بھی قابل تحسین ہے۔

مریم نواز نے شہریوں سے اپیل کی کہ بسنت کے آخری روز بھی پتنگ بازی کے ایس او پیز/ قواعد و ضوابط پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔