آج سے آئندہ دو روز تک بارشوں کی پیشگوئی
موسم کا احوال بتانے والوں نے آج سے آئندہ دو روز تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) موسم کا احوال بتانے والوں نے آج سے آئندہ دو روز تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔

ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے کہا ہے کہ آج سے آئندہ دو روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے، 9 اور 10 فروری کو پنجاب کے متعدد اضلاع میں بارش جبکہ مری سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کی بھی پیشگوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد راولپنڈی میٹرو بس سروس مکمل بند

اسی طرح خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا یہ بھی بتانا ہے کہ ملک میں مغربی ہواؤں کے داخلے بعد کراچی میں ہواؤں کی رفتار بڑھ سکتی ہے جبکہ آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم کل بروز پیر شہر میں ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے جبکہ دیہی سندھ کے دیگر ساحلی مقامات بدین اور ٹھٹھ میں بھی ہلکی بارش و بوندا باندی متوقع ہے۔