شہباز شریف 2027 تک وزیراعظم نہیں رہیں گے، مفتاح اسماعیل
Miftah Ismail statement about Shahbaz Sharif
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ شہباز شریف 2027 تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پوری قوم کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا پڑے گا، بلوچستان میں دہشت گردوں کا خاتمہ اور وہاں کے عوام کو ان کے جائز حقوق دینا ناگزیر ہے۔

حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا کہ اگر ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے تو غربت اور بے روزگاری میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟ آئی ایم ایف کے قرضوں پر قائم نظام کو معاشی استحکام نہیں کہا جا سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی معاشی استحکام موجود نہیں، ہم نجکاری کے حق میں ہیں، بجلی اور گیس چوری کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے، سرکاری اداروں میں بدعنوانی جاری ہے اور موجودہ حکومت نے عوام کے مفاد میں کوئی مؤثر قانون منظور نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں:جے یو آئی کا پی ٹی آئی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ہر سال کی طرح اس رمضان میں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایسے تجربات ناکام ثابت ہوئے ہیں، مشرف دور کی طرح مضبوط بلدیاتی نظام ہی مسائل کا حل ہے۔