بانی تحریک انصاف کے خلاف 13 مقدمات سماعت کے لیے مقرر
Supreme Court
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں بانی تحریک انصاف کے خلاف مختلف نوعیت کے 13 مقدمات سماعت کے لیے مقرر کر دیے گئے ہیں۔

بینچ چیف جسٹس آفریدی آفریدی اور جسٹس شاہد بلال پر مشتمل ہوگا جو 9 فروری کو ان تمام مقدمات کی سماعت کرے گا۔

سماعت کے لیے مقرر مقدمات میں بانی تحریک انصاف کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل جبکہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف بھی پنجاب حکومت کی اپیل شامل ہے۔

اسی طرح بانی پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کی فوجداری شکایت کے خلاف دائر اپیل پر بھی سماعت ہوگی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور نیب سے متعلق مقدمات بھی سماعت کے لیے مقرر کر دیے گئے ہیں۔

القادر ٹرسٹ کیس میں بانی تحریک انصاف کی ضمانت کے خلاف نیب کی اپیل پر بھی عدالت عظمیٰ سماعت کرے گی جبکہ سائفر کیس میں بانی تحریک انصاف اور شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

9 مئی لاہور کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کے خلاف سرکاری اپیلیں بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ہتکِ عزت کے مقدمے میں شہباز شریف کے خلاف بانی تحریک انصاف کی اپیلیں بھی عدالت کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے تمام متعلقہ فریقین اور ان کے وکلاء کو سماعت کے حوالے سے نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔